تلنگانہ کے اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان

   

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی، حیدرآباد میں بھی اقل ترین درجہ حرارت گھٹ سکتا ہے
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے شمالی اور مرکزی اضلاع میں اقل ترین درجہ حرارت میں 3 تا 4 ڈگری سیلسیس کی کمی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ تین تا چار دنوں میں شمال مشرقی ہواؤں کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ اقل ترین درجہ حرارت کئی اضلاع میں 15 تا17 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جاسکتا ہے جبکہ اعظم ترین درجہ حرارت 31 اور 33 ڈگری رہے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے بلیٹن کے مطابق سنگاریڈی کے کوہیر میں سب سے کم درجہ حرارت 11.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے زیادہ 35.9 ڈگری درجہ حرارت کتہ گوڑم کے ست نارائن پورم میں ریکارڈ ہوا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میںبی ایچ ای ایل، آر سی پورم اور پٹن چیرو میں اقل ترین درجہ حرارت 13.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ آصف نگر کے علاقہ میں سب سے زیادہ 32.6 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔ دونوں شہروں میں توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں تک اقل ترین درجہ حرارت 14 تا 18 ڈگری کے درمیان رہے جبکہ اعظم ترین درجہ حرارت 29 تا31 ڈگری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے ابر آلود موسم اور کہر کی پیش قیاسی کی ہے۔ صبح کے اوقات میں فضاء میں کہر کا ماحول رہے گا۔ دن میں 30 ڈگری اور رات میں 16 ڈگری تک درجہ حرارت کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔