سکریٹری قومی اقلیتی کمیشن راما کرشنا راؤ کا دورہ بہادر پورہ اسکول ، حکومت کے اقدامات کی ستائش
حیدرآباد۔8فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ مینارٹیز ریزیڈنشیل اسکول سوسائٹی کے تحت چلائے جانے والے بہادر پور ہ گرلز اسکول IIکا سکریٹری قومی اقلیتی کمیشن جے راما کرشنا رائو آئی اے ایس نے دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے اسکول کاتفصیلی جائزہ لیا۔مسٹر کرشنا رائو نے اسکول میںزیر تعلیم طالبات کوفراہم کئے گئے نصابی کتابوں کا بھی مشاہدہ کیا اور پرنسپل اسکول رفیعہ شاہین سے بچوں کی کارکردگی کے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔انہوں نے اسکول کی عمارت کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔بعدازاں کرشنا رائو نے حکومت تلنگانہ کی ستائش کی اور اقلیتی طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ اقلیتی طبقات کی زندگیو ں میںسدھار لانے کے لئے سب سے اہم اقدام انہیںتعلیم سے جوڑنا ہے اور یہ کام حکومت بخوبی انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی بھی ستائش کی جس نے طالبات کیلئے صاف ستھرا تعلیمی ماحول فراہم کرنے میںکوئی کسر باقی نہیںرکھی ہے۔کرشنا رائو نے کہاکہ اقلیتی طبقات کے لئے جو تعلیمی نظام حکومت تلنگانہ نے فراہم کیاہے وہ ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے بھی ایک مثال ہے۔ بعدازاں سکریٹری سوسائٹی شفیع اللہ نے میڈیا کو بتایاکہ مسٹر جے کرشنا رائو کا اقامتی اسکولو ں کا یہ دوسرا دورہ ہے ۔ شفیع اللہ نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی یہ دیرینہ خواہش ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اقلیتی طبقات کی تعلیمی پسماندگی دور ہو اور اس کام کے لئے انہوں نے اقامتی اسکول قائم کرنے کافیصلہ کیااور آنے والے دس سالوں میںاقلیتی طلبہ وطالبات کی ایک کثیرتعداد تعلیم یافتہ ہوجائے گی۔اکیڈیمک ہیڈ عبداللطیف کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔