تلنگانہ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کی اجرائی پر تجسس

   

Ferty9 Clinic

15 یا 18 اپریل کے بعد اجرائی متوقع، نتائج کا ازسرنو جائزہ

حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ماہ مارچ میں منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے نتائج کی 15 یا 18 اپریل کے بعد ہی اجرائی متوقع ہے۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک نے اس بات کا اظہار کیا۔ اور بتایا کہ نتائج مکمل طور پر مرتب کرلئے گئے ہیں۔ لیکن محض کوئی غلطیوں وغیرہ کے سرزد نہ ہونے کیلئے دوبارہ نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ریاست تلنگانہ کے بعض عہدیداروں کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں گزشتہ دن انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کردیئے جانے کی وجہ سے تلنگانہ میں نتائج کی اجرائی کے لئے دباؤ میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ لیکن آندھرا پردیش کے ساتھ مسابقتی دوڑ میں جانے کے باعث اگر کوئی غلطیاں سرزد ہونے پر کئی طلباء و طالبات کا مستقبل تاریک ہوجانے کا خدشہ لاحق رہتا ہے جس کے پیش نظر نتائج کی اجرائی سے صرف چند دن کے لئے گریز کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں خود ریاستی سکریٹری برائے محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفس واقع نامپلی پہونچ کر انٹرمیڈیٹ نتائج کی تیاری سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں اور نتائج کی تیاری پر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی سے اظہار اطمینان کیا تھا۔ تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 13 تا 15 اپریل تک مرتب کردہ نتائج کا ایک اور مرتبہ مکمل جائزہ لینے کے بعد اگر ممکن ہو تو 15 اپریل کے فوری بعد یا 18 اپریل کے فوری بعد مزید کسی تاخیر کے بغیر انٹرمیڈیٹ سال اوّل اور سال دوّم کے نتائج کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔