تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کی 9ڈسمبر کو آمد

   

پردیش کانگریس کے نئے صدر کا انتخاب ایجنڈہ، سینئر قائدین سے مشاورت کا فیصلہ
حیدرآباد۔ پردیش کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے کانگریس ہائی کمان توقع ہے کہ بہت جلد قدم اٹھائیگا۔ نئے صدر کے انتخاب پر سینئر قائدین سے مشاورت کیلئے جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی 9 ڈسمبر کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ وہ دو دن حیدرآباد میں قیام کرکے سینئر قائدین و مختلف طبقات سے وابستہ نمائندوں سے مشاورت کرتے ہوئے تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کیلئے نئے صدر سے متعلق رائے حاصل کریں گے۔ مانکیم ٹیگور واپسی کے بعد صدر کانگریس سونیا گاندھی کو رپورٹ پیش کرینگے جس کی بنیاد پر ہائی کمان نئے صدر کے نام کا اعلان کریگا۔ بتایا جاتا ہے کہ مانکیم ٹیگور قائدین سے مشاورت کی بنیاد پر رپورٹ میں بعض ناموں کی بھی سفارش کرسکتے ہیں جو پی سی سی صدر کی حیثیت سے تلنگانہ میں کانگریس کا وقار بحال کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کو مانکیم ٹیگور کے دورہ کی اطلاع دی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق صدر کانگریس سونیا گاندھی ڈاکٹروں کے مشورہ پر ان دنوں گوا میں مقیم ہیں اور 7 ڈسمبر کو وہ نئی دہلی واپس ہوں گی۔ اتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات میں پارٹی کے کمزور مظاہرہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ہائی کمان کو اپنا استعفی روانہ کردیا ہے۔ اگرچہ صدارت کی دوڑ میں کئی قائدین شامل ہیں لیکن رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کا نام ہائی کمان کے حلقوں میں آگے چل رہا ہے۔ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے بھی عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ گریٹر بلدی انتخابات میں کانگریس نے محض 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی

اور یہ دونوں نشستیں ریونت ریڈی کے لوک سبھا حلقہ ملکاجگیری کی ہیں۔ ریونت ریڈی نے 6 بلدی حلقوں پر محنت کی تھی جن میں سے 2 پر کامیابی حاصل ہوئی۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کانگریس کو نوجوان اور شعلہ بیان مقرر کی ضرورت ہے اور موجودہ قائدین میں ریونت ریڈی نوجوانوں میں کافی مقبول ہیں۔ ہائی کمان کو یقین ہے کہ ریونت ریڈی تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی کے استعفی کے ساتھ ہی دیگر دعویداروں نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ ریڈی طبقہ سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ششی دھر ریڈی، جگاریڈی، جیون ریڈی، چنا ریڈی اور ومشی چند ریڈی اس عہدہ کے دعویداروں میں شامل ہیں جبکہ بی سی طبقہ سے وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، مدھو یاشکی گوڑ، برہمن طبقہ سے بی سریدھر بابو، ایس سی طبقہ سے دامودر راج نرسمہا اور سمپت کمار، اور خواتین کے زمرہ سے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے اس عہدہ کیلئے دعویداری پیش کردی ہے۔ تلنگانہ میں نئے صدر کے انتخاب کے بعد ان کیلئے سب سے بڑا چیلنج تمام قائدین کو متحد رکھنا ہے۔