تلنگانہ کے ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار کا کرونا وائرس ٹسٹ

   

حیدرآباد 9مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ایک سینئر آئی اے ایس آفیسر کا کرونا وائرس ٹسٹ کروایا گیا کیونکہ اس آفیسر میں کرونا وائرس کی علامات پائی جارہی تھیں ۔ آئی اے ایس آفیسر کو گاندھی ہاسپٹل روانہ کر کے ٹسٹ کروائے گئے ۔ گاندھی ہاسپٹل ذرائع نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار نے گذشتہ دنوں بعض بیرونی ممالک کے دورہ کئے تھے ۔ بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد ناسازی صحت کی بنیاد پر ہی ان کا کرونا وائرس ٹسٹ کرواکر انہیں ان کی قیامگاہ پر تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرونا وائرس سے اب تک ہندوستان میں 39 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ان میں بیرونی ممالک سے واپس ہونے والوں کی اکثریت ہے ۔ اس طرح تلنگانہ کے سینئر آئی اے ایس عہدیدار چونکہ بیرونی دورہ سے واپس ہوئے ہیں اس لئے کرونا وائرس ٹسٹ کروایا گیا اور اس عہدیدار کے ٹسٹ رپورٹ کے تعلق سے ہر کسی میں کافی تجسس پایا جاتا ہے ۔