تلنگانہ کے بجٹ میں تخفیف سے اقلیتی بجٹ متاثر ہونے کا امکان

   

Ferty9 Clinic

محکمہ فینانس سے اقامتی اسکولس کے انتظامیہ کو ہدایت
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے بجٹ میں بھاری تخفیف کا اثر ریاستی اقلیتی بجٹ بالخصوص اقامتی اسکولوں کے بجٹ پر بھی مرتب ہوسکتا ہے کیونکہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے تمام اداروں اور محکمہ جات کے بجٹ میں تخفیف کی جائے اور اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات اور اداروں کو اس بات کی ہدایات بھی جاری کی جاچکی ہیں کہ وہ اپنے اداروں کے لئے جو بجٹ طلب کر رہے ہیں اس میں احتیاط کریں اور کوئی نئے منصوبہ کو بھی شامل نہ کیا جائے لیکن کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے موجودہ بجٹ میں بھی کسی نہ کسی طرح سے تخفیف کے اقدامات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے کیونکہ ریاست کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔چیف منسٹر تلنگانہ نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں فلاحی اسکیمات اور اقدامات کے علاوہ تعلیم کے زمرہ میں موجود بجٹ میں تخفیف نہ کریں لیکن باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اقلیتی اقامتی اسکولوں کے لئے طلب کئے گئے بجٹ میں تخفیف کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ مطلوبہ بجٹ کی رقم میں کمی کریں لیکن آئندہ مالی سال کے دوران اگر ضرورت پڑتی ہے تو حکومت ان کے لئے بجٹ جاری کرنے تیار ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ میں کی جانے والی تخفیف کے سلسلہ میں بتایا جارہا ہے کہ مرکز کی جانب سے جاری کی جانے والی رقمی امداد اور ٹیکس میں حصہ داری کی بروقت عدم اجرائی کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے ا سی لئے حکومت کی جانب سے مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں محتاط تخصیص کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام بہبودی اور فلاحی اداروں اور محکمہ جات کو کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے وہ اپنے اداروں کے لئے بھاری رقومات طلب نہ کریں اور نہ ہی اب تک جو اسکیمات جاری ہیں ان اسکیمات میں کوئی کمی کی جائے بلکہ انتظامی امور پر کئے جانے والے اخراجات میں تخفیف کے ذریعہ اداروں اور محکمہ جات کے مالیہ کو محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ فینانس کی جانب سے ریاست میں چلائے جانے والے تمام طبقات کے اقامتی اسکولوں کے ذمہ داروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے اخراجات اور ان کے آئندہ سال کے بجٹ کی طلب کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اس میں تخفیف کے بعد مطالبات زر پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔