تلنگانہ کے بجٹ میں ہیلت ڈپارٹمنٹ کو 10 فیصد اضافی فنڈس

   

کورونا مینجمنٹ اور سرکاری دواخانوں میں بہتر خدمات پر خصوصی توجہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں محکمہ صحت کے بجٹ میں 10 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے پیش کردہ بجٹ برائے سال 2021-22 ء میں محکمہ صحت کیلئے 6295 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ گزشتہ سال 5717 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ کووڈ مینجمنٹ کے تحت 92 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ بجٹ میں دواخانوں میں عصری سہولتوں کی فراہمی ، علاج کی بہتر سہولتیں اور انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ بستی دواخانوں کے قیام کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ۔ آروگیہ شری اسکیم کیلئے 720.12 کروڑ اور ملازمین کی مختلف اسکیمات کیلئے 410.35کروڑ مختص کئے گئے ۔ ایم این جے کینسر ہاسپٹل کو نئی عمارت کی تعمیر کے لئے تین کروڑ مختص کئے گئے ۔ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں غریب مریضوں کے علاج کے لئے ایک کروڑ مختص کئے گئے ۔ ٹیچنگ ہاسپٹل کے قیام کیلئے 36.68 کروڑ ، میڈیکل کالجس کی ترقی کیلئے 50 کروڑ ، نعشوں کی منتقلی کی گاڑیوں کیلئے پانچ کروڑ ، ادویات کیلئے 254 کروڑ اور سرکاری دواخانوں کے بہتر انتظام کیلئے 48.15 کروڑ مختص کئے گئے۔ سرکاری دواخانوں میں صحت و صفائی اور سیکوریٹی انتظامات پر 40 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ گزشتہ سال کورونا وباء کے پیش نظر سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے علاج پر بھاری خرچ ہوا تھا ۔ ماہرین کے مطابق کورونا کے تجربے کے پس منظر میں محکمہ صحت کیلئے صرف 10 فیصد بجٹ کا اضافہ ناکافی ہے۔