تلنگانہ کے برقی صارفین کو من مانی برقی بلزکیخلاف کانگریس کا انتباہ

   

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں برقی صارفین کو جاریہ ماہ جاری کردہ بلز کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کے سی آر حکومت کی جبری وصولی اور منظم لوٹ سے تعبیر کیا۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے سبب گھریلو صارفین کو 3 ماہ پر مشتمل بلز جاری کئے گئے جو ناقابل ادائیگی ہیں۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے ہزاروں روپیے کے بلز جاری کئے گئے جو سلاب کے لحاظ سے زاید شرح پر مبنی ہے۔ 3 ماہ کی جملہ ریڈنگ حاصل کرتے ہوئے اضافہ شرح کے سلاب کے مطابق رقم کا تعین کیا گیا۔ غلط اندازوں کے ساتھ طے کردہ سلاب عوام پر بھاری بوجھ ہے۔ غریب اور متوسط طبقات ہزاروں روپیے ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ نظام الدین نے کہاکہ جو صارفین ماہانہ 700 تا 800 روپیے بل ادا کرتے تھے انھیں 10 ہزار کا بل روانہ کیا گیا ہے۔ 90 دن کی ریڈنگ یونٹ حاصل کرتے ہوئے اعظم ترین سلاب سے بل تیار کیا گیا حالانکہ ماہانہ برقی استعمال کے حساب سے ریڈنگ کا تعین ہونا چاہئے۔ ریاست میں 95 لاکھ برقی صارفین ہیں جن میں 75 لاکھ گھریلو صارفین ہیں۔ ان میں 80 فیصد صارفین ماہانہ 200 یونٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کو اس سلسلہ میں مداخلت کرنی چاہئے۔ نظام الدین نے اب تک جاری کردہ بلز سے دستبرداری اور نئے بلز جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے انتباہ دیا کہ اگر اندرون 2 یوم مطالبہ قبول نہیں کیا گیا تو کانگریس بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرے گی۔