آج اور کل حیدرآباد میں مطلع ابرآلود، موسم خوشگوار
حیدرآباد۔28۔جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے بعض اضلاع میں آئندہ دو یوم کے دوران بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے زرد الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے سلسلہ میں عہدیدارو ںنے بتایا کہ شمالی اوڈیشہ ‘ جنوبی جھارکھنڈ اور جنوبی چھتیس گڑھ کے علاقوں میں مانسون سرگرم ہونے کا اثر ریاست تلنگانہ پر مرتب ہونے کا امکان ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران جن اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں ان میں محبوب آباد‘ کتہ گوڑم کھمم‘ سوریہ پیٹ ‘ نلگنڈہ ‘ کمرم بھیم ‘ عادل آباد ‘ آصف آباد ‘ محبوب نگر اور بھدادری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ کو ریاست کے منچریال‘ نرمل ‘ رنگاریڈی ‘ وقار آبادکے علاوہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق آئندہ دو یوم یعنی جمعرات اور جمعہ کو دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں مطلع ابرآلود رہے گا لیکن موسم خشک رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران موسم خشک رہنے کے علاوہ درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے لیکن مجموعی اعتبار سے گرمی کی شدت میں کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جائے گا کیونکہ مطلع ابرآلود ہونے اور اطراف کے اضلاع میں ہونے والی بارش کے سبب سرد موسم کی طرح ماحول رہنے کا امکان ہے جو کہ نہایت خوشگوار ثابت ہوگا۔م