تلنگانہ کے بیشتر اضلاع، حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں بارش و ژالہ باری

   

آئندہ دو یوم میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی، گرمی سے کسی قدر راحت ممکن

حیدرآباد۔ 4۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں ہونے والی بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں دونوں شہروں میں بھی مطلع ابرآلود ہوگیا اور درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق آئندہ دویوم کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں ژالہ باری‘ تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کے امکانات پائے جانے کی توثیق کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دو یوم قبل جاری کی گئی پیش قیاسی کے دوران دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ شہر اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی تھی ۔ سنگاریڈی ‘ امین پور‘ بیرام گوڑہ کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں آج دوپہر سے ہونے والی ژالہ باری اور بارش کے نتیجہ میں شہر میں مطلع ابرآلود ہوگیاتھا۔ شام کے اوقات میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن بارش نہیں ہوئی ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ اگر شہر میں تیز ہوائیں نہیں چلتی ہیں تو ایسی صورت میں بارش ہوگی اور اگر تیز ہوائیں چلتی ہیں تو ایسی صورت میں بادل ہوا کے رخ کے اعتبار سے شہر کے آسمان سے رخصت ہوجائیں گے۔ اتوار کی دوپہر شہر کے نواحی علاقوں میں گچی باؤلی ‘ نانک رام گوڑہ ‘ آر سی پورم‘پٹن چیروو‘ شیرلنگم پلی‘ عنبر پیٹ کے علاوہ اپل اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش جو کچھ دیر کے لئے ہوئی لیکن مختصر وقفہ میں 2تا4ملی میٹر بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آج ہونے والی بارش کے دوران بی ایچ ای ایل ‘ نارسنگی ‘ تیلا پور کے علاوہ دیگر علاقوں میں گھن گرج کے ساتھ بارش ہوئی اور ژالہ باری بھی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر میں ہونے والی بارش کے بعد شہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ شام کے اوقات میں درجہ حرارت 32ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران شہر حیدرآباد میں رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جاتی رہے گی لیکن رطوبت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کئے جانے کے امکانات موہوم ہیں لیکن اگر شہر میں بارش ہوتی ہے تو ایسی صورت میں دونوں شہروں میں گرمی سے راحت حاصل ہونے کا امکان ہے۔3