تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری

   

حیدرآباد، 10ستمبر (یواین آئی)خلیج بنگال میں بنے ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش جاری ہے ۔ سب سے زیادہ بارش بھدرادری ضلع کے سیتارامپٹنم میں 22.2 سینٹی میٹر، لکشمی دیوی پلی میں 12.3 سینٹی میٹر، کریم نگر ضلع کے پونچاپلی میں 14.4 سینٹی میٹر، محبوب آباد ضلع کے گڈورو میں 12.5 سینٹی میٹر، جگتیال ضلع کے ترملا پور میں 11 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ موسلادھار بارش سے محبوب آباد میں کمبلاپلی منڈل پریشد کے پرائمری اسکولوں کی کلاس رومس میں پانی آگیاجس سے طلبہ کو مشکل کا سامنا کرناپڑا۔ حیدرآباد کے موسمی مرکز نے بتایا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ اور کریم نگر کیلئے اورنج الرٹ اور دیگر اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔