تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں شدید ترین سرد لہریں

   

Ferty9 Clinic

درجہ حرارت میں مزید 3 تا 4 ڈگری سیلسیس گرااوٹ کا امکان، اسکولس میں طلبہ کی حاضری میں کمی

حیدرآباد۔10۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں شدید ترین سرد لہروں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ 4یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول حیدرآباد کے علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید 3تا4 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں کئی مقامات پر گذشتہ شب درجہ حرارت ایک ہندسہ میں آنے کے سبب سرد ترین موسم ریکارڈ کیاگیا جبکہ دن میں 8 بجے کے بعد بھی سرد موسم کی شدت کا احساس ہوتا رہا ۔ رات دیر گئے درجہ حرارت میں گراوٹ کے بعد صبح کی اولین ساعتوں میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ دیگراضلاع میں کہر آلود موسم رہا۔ تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت معین آباد کے علاقہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں 6.6 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سرد ترین رات رہی ۔اس کے علاوہ ابراہیم پٹنم کے علاقہ میں صبح کی اولین ساعتوں کے دوران 7.7 درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا۔ ضلع عادل آباد میں ریکارڈ کیا گیا جہاں 7.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جبکہ پٹن چیرو میں 8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا اسی طرح میدک میں 8.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے۔ تلنگانہ میں جاری سرد لہروں کے دوران عہدیداروں کے علاوہ ماہر اطباء نے ضعیف العمر افراد کے علاوہ بچوں کو سردی سے محفوظ رہنے کے اقدامات پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ رات دیر گئے درجہ حرارت میں گراوٹ اور صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے وقت سردی سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے علاوہ ازیں ان لوگوں کو جو پہلے سے ہی مختلف عوارض کا شکار ہیں خصوصی احتیاط پر توجہ دینی چاہئے تاکہ کسی بھی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں شیرلنگم پلی ‘ راجندر نگر کے علاوہ مولیٰ علی کے علاقوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے کم ریکارڈ کیاگیا ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شیرلنگم پلی کے علاقہ میں 8.4‘ راجندر نگر میں 9.2 اور مولیٰ علی میں 9.4 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ماہرین موسمیات نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں مجموعی طور پر اگر دیکھا جائے تو شہر میں کسی بھی مقام پر درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ نہیں کیاگیا ۔بی ایچ ای ایل 10.5‘ گچی باؤلی 11.4‘ قطب اللہ پور11.9‘ ویسٹ ماریڈپلی 12.4‘ حیات نگر 12.7‘ کشن باغ 12.8‘ حمایت نگر 12.9‘ چارمینار 12.9 کے علاوہ بیگم پیٹ ‘ بوئن پلی ‘ نریڈمیٹ ‘ گولکنڈہ ‘ ترملگیری ‘ مشیر آباد میں بھی درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے نتیجہ میں شدید سردی کا احساس رہا جس کے نتیجہ میں آج کئی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری بھی کم رہی ۔3