آئندہ 48 گھنٹوں تک موسم خوشگوار رہے گا، بارش کا امکان
حیدرآباد۔ 8 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ہونے والی بارش کے بعد ریاست بھر میں درجہ حرارت کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ 3 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ریاست کے جن اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہاتھا ان اضلاع میں آج درجہ حرارت میں 2 ڈگری سیلسیس تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 45تا 46 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کئے جانے کے بعد درجہ حرارت 40 تا 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجہ میں آج دھوپ کی تمازت میں کمی اور گرمی کی شدت میں راحت ریکارڈ کی گئی۔ عنبر پیٹ ‘ کوکٹ پلی ‘ مشیر آباد‘ راجندر نگر اور مہدی پٹنم کے علاوہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 تا41ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آج بھی درجہ حرارت 42ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے اور اس دوران گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کئے جانے کے بھی آثار پائے جاتے ہیں لیکن اس مدت میں موسم خشک رہے گا۔خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔3