تلنگانہ کے تالاب لبریز ، برقی بحران کا خاتمہ :پدما دیویندر

   

میدک ۔29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پیشرو حکومتوں کے دور میں علاقہ تلنگانہ میں تالاب خشک ہوتے تھے ، برقی بحران ہوتا تھا لیکن علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں بی آر ایس حکومت کے قائم ہونے کے بعد علاقہ تلنگانہ میں تالاب لبریز ہوچکے ہیں، برقی بحران کا خاتمہ بھی ہوا ہے اور ریاست تلنگانہ ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ تالابوں کے لبریز ہونے سے ریاست کے غریب ماہی گیر طبقہ میں خوشحالی آچکی ہے ۔ رکن اسمبلی میدک محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے میدک کے نواحی علاقہ کومٹور کے بڑے تالاب میں 2 لاکھ مچھلی کے بچے چھوڑنے کے بعد منعقدہ ایک تقریب میں اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ماہی گیروں کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرتی آرہی ہے ۔ اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ سمکیات آفیسر ڈاکٹر رجنی ، نائب چیر پرسن ضلع پریشد میدک محترمہ لاوانیا ریڈی ، آتما کمیٹی چیرمن انجا گوڑ ، وائس ایم پی پی میدک منڈل پریشد مارگم انجنیلو ، پی اے سی ایس چیرمین ہنمنت ریڈی ، کشٹیا ، موہن ریڈی ، سداگوڑہ ، روی ، اور تحصیلدار سرینواس نے بھی شرکت کی ۔

نرساپور کے قریب سڑک حادثہ ، شوہر بیوی ہلاک
میدک ۔29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک کے نرساپور کے قریب پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل پر جانے والے شوہر اور بیوی کی ہلاکت پیش آئی ۔ ایک اور بائیک سوار شدید زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے میدک آنے والی ایک تیز رفتار کار اور مقابل سے جانے والے دو بائیکس کو ٹکر دیدی جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار نوین کمار 28 سالہ اور شریک حیات سجاتا 26 سالہ ساکن شاکھاپور نظام پیٹ ضلع رنگاریڈی برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ دوسری موٹر سائیکل پر سوار مسٹر کروناکر ساکن پداچنتیہ کنٹہ نرساپور جو شدید زخمی ہوگیا بغرض علاج حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے ۔ پولیس نرساپور نے ضابطہ کی کارروائی انجام دی ۔