حیدرآباد 21 اگست (یو این آئی) حالیہ بارش کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کے تقریبا تمام ذخائر آب کے لبریز ہونے پر آئندہ چند برسوں تک شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی کامسئلہ نہیں رہے گا۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔درکار پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے مناسب پانی دستیاب ہے کیونکہ یلم پلی پروجیکٹ پہلے ہی تقریبا لبریز ہوگیا ہے اورناگرجناساگر پروجیکٹ تیزی سے لبریز ہورہا ہے ۔یلم پلی اور ناگرجنا ساگر دونوں حیدرآباد کے لئے پینے کے پانی کے اہم ذرائع ہیں۔یلم پلی بیریج کی مکمل آبی سطح 20ٹی ایم سی ہے اور اس کی موجودہ سطح آب 19.59ٹی ایم سی درج کی گئی ہے ۔اس میں سے تقریبا 10ٹی ایم سی پانی حیدرآباد کے لئے ہوگا۔ ناگرجناساگر کی مکمل آبی سطح 590فیٹ کے برخلاف اس کی موجودہ سطح آب 585.7 فیٹ درج کی گئی ہے ۔واٹر بورڈ شہر حیدرآباد کو یومیہ 440ملین گیلن پانی سپلائی کرتا ہے جس میں سے 152ایم جی ڈی پانی یلم پلی اور 260ایم جی ڈی پانی ناگرجناساگر سے حاصل کیاجاتا ہے ۔