UIDAI کے اشتراک سے خصوصی مہم ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس کا اعلان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری و خانگی اسکولس میں طلبہ کے 100 فیصد آدھار اندراج اور بائیو میٹرک اپڈیٹ مکمل کرنے کی غرض سے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈائرکٹوریٹ اسکول ایجوکیشن میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹکٹ جاری کرنے سے کالج داخلوں تک ہر مرحلے میں آدھار ناگزیر ہوگیا ہے ۔ اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ طلبہ اور والدین کو می سیوا مراکز کے چکر لگانے کے بجائے اسکول کے احاطے میں ہی یہ عمل مکمل کرایا جائے گا ۔ اس اقدام سے والدین کے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی ۔ نوین نکولس نے بعض تکنیکی و انتظامی مسائل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے امور کو پیشگی حل کرنے کے لیے Unique Identification Authority of India (UIDAI) کے ساتھ قریبی تال میل میں پروگرام کو تیزی سے انجام دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے تین خصوصی ایجنسیوں کو مقرر کیا گیا ہے اور ہر ایجنسی کو 11 اضلاع کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر اندراج اور اپ ڈیٹ کا عمل مکمل کریں ۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے مطابق متعلقہ اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس آدھار ایجنسیوں سے رابطہ کر کے اسکول میں آدھار کٹس کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے ۔ اجلاس میں جوائنٹ ڈائرکٹر پی راجیو ، UIDAI کے پراجکٹ منیجر نریش اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔ حکام نے واضح کیا کہ ریاست بھر میں اس مہم کو موثر انداز میں نافذ کرتے ہوئے تمام طلبہ کا آدھار ڈیٹا بروقت اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔۔ 2