تلنگانہ کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی ،متعدد پراجکٹس زیر تکمیل

,

   

Ferty9 Clinic

چیوڑلہ سے ٹی آر ایس امیدوار رنجیت ریڈی کی کامیابی پر جی او 111 کالعدم کرنے کا وعدہ : کے سی آر

حیدرآباد۔8اپریل(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیوڑلہ حلقہ پارلیمان میں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم کے دوران ایک مرتبہ پھر سے جی او 111کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ جی او 111 کی برخواستگی کے سلسلہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تشکیل تلنگانہ سے قبل اعلان کیا تھا او رکہا تھا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں جی او 111 کو کالعدم قرار دیا جائے گا لیکن 5سال کے دوران اس مسئلہ کے متعلق یہ کہا جاتا رہا کہ مسئلہ عدالت میں زیر دوراں ہے اسی لئے ابھی کچھ نہیں کیا جاسکتا لیکن آج وقارآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حلقہ پارلیمان چیوڑلہ سے ٹی آر ایس امیدوار ڈاکٹر رنجیت ریڈی کامیاب ہوجاتے ہیں تو ایسی صور ت میں جی او 111برخواست کردیاجائے گا۔ انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ جی او 111 کی برخواستگی کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وقار آباد تلنگانہ کے لئے اوٹی کی طرح ہے جسے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے زمانۂ قدیم کا محارہ دہراتے ہوئے کہا کہ ’’وقار آباد کی ہوا ‘ لاکھوں امراض کی دوا‘‘ کہا جاتا تھا اور نظام دور حکومت میں وقارآباد میں ٹی بی ہاسپٹل موجود تھا ۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے او راس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ممکنہ ترقیاتی پراجکٹس کو عملی جامہ پہنایا جائے۔انہو ں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر کسی کیلئے اراضی اور حق اراضی جیسے قوانین کی تدوین کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر کے سی آر نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں مرکزی حصہ کے حصول کیلئے مرکز میں ریاست کی مضبوط آواز کی ضرورت ہے اور جب ریاست کے 16 تلنگانہ راشٹر سمیتی ارکان پارلیمان دہلی میں ہوں گے تو ریاست کو اس کا حق حاصل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کو عوام مسترد کرچکے ہیں ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں حکومت کی جانب سے ترقیاتی پراجکٹس انجام دیئے جا رہے ہیں اور ان پراجکٹس کی تکمیل کے بعد ریاست تلنگانہ میں ملک بھر میں مجموعی ترقی کرنے والی سرفہرست ریاست بن جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے زرعی اراضیات کے مالکین کے علاوہ مزدوروں کو سہولتوں کی فراہمی اور جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے پاس بک کی اجرائی کے اقدامات کئے گئے اور اس کیلئے مکمل سروے انجام دیا گیا ۔