باریک چاول کی عنقریب سربراہی ‘ افواہوں پریقین نہ کریں‘ گرام سبھا اجلاس سے ریاستی وزیرسیول سپلائی ودیگرکاخطاب
گمبھی راو پیٹ، سرسلہ ۔22؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں تمام مستحقین تک حکومت کی فلاحی اسکیموں کا نفاذ کیا جائے گا، یہ بات ریاستی وزیرآبپاشی اور سول سپلائی اتم کمار ریڈی نے بتائی۔ آج وزیر اوتم کمار ریڈی نے ریاستی بی سی ٹرانسپورٹ وزیر پونّم پربھاکر، گورنمنٹ وِپ آدی سرینیواس اور ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا کے ساتھ ضلع سرسلہ کے اسمبلی حلقہ ویملواڑہ کے رودرنگی منڈل مرکز میں منعقدہ گرام سبھا پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اوتم کمار ریڈی نے کہا کہ خواتین، کسانوں، مزدوروں، بے روزگار افراد اور غریبوں کے لیے اس درجے کے فلاحی کام کسی بھی حکومت نے آزاد ہندوستان میں نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست بننے کے وقت تقریباً 90 لاکھ سفید راشن کارڈز موجود تھے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 26 جنوری سے شروع ہونے والے عمل کے تحت ریاست میں تمام مستحقین تک راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت کے بغیر کارڈز دیے جارہے ہیں، اور عوام کسی بھی جگہ، چاہے وہ عوامی انتظامی مراکزمیں ،می سیوا سنٹرز، یا گرام سبھا ہو، درخواست دے سکتے ہیں۔ اتم کمارریڈی نے کہا کہ گرام سبھا میں پیش کی گئی ابتدائی فہرست میں اگر کسی کا نام نہیں ہے تو وہ درخواست دے سکتا ہے، اور اہلیت کی جانچ کے بعد کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ نئے راشن کارڈز کے اجراء کے بعد ہر مستحق کو 6 کلو عمدہ چاول فراہم کیا جائے گا۔دیگر فلاحی اسکیموں، جیسے اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم اور کسانوں کے لیے بھروسہ اسکیم کے بارے میں بھی وزیر نے تفصیلی بات کی اور یقین دلایا کہ ہر اہل شخص تک فائدہ پہنچایا جائے گا۔ پونّم پربھاکر نے کہا کہ عوامی حکومت عوام کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہے اور اپوزیشن پارٹیوں کو گرام سبھاؤں میں ضروری مشورے دینے چاہیے،ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق رودرنگی منڈل مرکز میں مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت مستحقین کا انتخاب کیا جا رہا ہے اور باقی درخواستوں پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔