تلنگانہ کے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجس کو منظوری

   

کسی جرمانے کے بغیر اجازت ناموں کی تجدید : نیشنل میڈیکل کمیشن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : نیشنل میڈیکل کمیشن نے تلنگانہ ریاست کے تمام سرکاری میڈیکل کالجس کو تعلیمی سال 2025-26 کے لیے منظوری دے دی ہے۔ گذشتہ سال چند میڈیکل کالجس میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نیشنل میڈیکل کمیشن نے اس وقت بھاری جرمانے عائد کئے تھے ۔ اس مرتبہ بغیر کسی جرمانے کے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجس کے اجازت ناموں کی تجدید کردی اور انہیں منظوری دے دی ہے ۔ گورنمنٹ کالجس کی جانب سے فراہم کئے گئے ڈیکلریشن کی بنیاد پر کوتاہیوں کا جائزہ لینے کے بعد 15 کالجس کو جاریہ سال نیشنل میڈیکل کمیشن نے وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی جس کے بعد سکریٹری محکمہ صحت، ڈی ایم ای نے 18 جون کو دہلی پہونچ کر کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی تھی ۔ سرکاری میڈیکل کالجس میں بنیادی سہولتوں اور عصری آلات کی سہولت فراہم کرنے او پی ، آئی پی شعبوں کو مستحکم کرنے کا تیقن دیا ۔ لکچرارس کی جائیداد پر تقررات کرنے کے ساتھ آئندہ چار ماہ میں تمام سہولتیں مہیا کرنے کا وعدہ کیا اور تحریری یادداشت بھی پیش کی ۔ جس کے بعد نیشنل میڈیکل کمیشن نے اندرون چار ماہ تمام سرکاری میڈیکل کالجس میں سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کالجس کی منظوری کو تجدید کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ اب ان کالجس میں اندرون چار ماہ تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنا لازمی ہوگیا ہے۔ 2