حقوق کی جدوجہد کو کانگریس کی تائید، قانون ساز کونسل میں جیون ریڈی کی تقریر
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی نے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں دیئے گئے تیقنات پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد گریجن طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ مرکزی حکومت نے گریجن طبقات کیلئے 7.5 فیصد تحفظات فراہم کئے جبکہ تلنگانہ میں یہ تحفظات صرف 6 فیصد ہیں۔ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور مرکزی حکومت مناسب انصاف دینے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کی قیادت کرنے والے قائد چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوئے لیکن وہ ریاست کے حقوق کو حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ کے معاملہ میں دستور کے مطابق کام نہیں کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے دروازوں کو بند کرتے ہوئے تقسیم کے قانون کی منظوری پر اعتراض جتایا ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو تلنگانہ میں ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ تنظیم جدید قانون میں دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کیلئے مرکز سے جدوجہد کو کانگریس کی تائید حاصل رہے گی۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کُل جماعتی اجلاس کے ساتھ مرکز سے نمائندگی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حقوق کیلئے مرکز سے جدوجہد کیلئے وہ تیار ہیں۔ بھدراچلم کے قریب واقع 7 مواضعات کو دوبارہ تلنگانہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ تقسیم کے موقع پر تلنگانہ کے اس حصہ کو آندھرا پردیش میں ضم کردیا گیا۔ر