تلنگانہ کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ

   

نظام آباد میں45.3ڈگری سیلسیس‘آئندہ 3دنوںمیں اضافہ کا اندیشہ

حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرم ہواؤں اور درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور موسم گرما کے دوران آج سب سے زیادہ 45.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 23اپریل کو نظام آباد میں سب سے زیادہ 45.3ڈگری جبکہ عادل آباد میں 45.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ اسی طرح نرمل میں 45.1 اور منچریال میں 45 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موسیٰ رام باغ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے۔اس کے علاوہ بوئن پلی‘ اپل کے علاوہ حیات نگر اور میاں پور میں بھی 42.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ شہرکے بیشتر علاقوں میں آج درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس رہا جس کے نتیجہ میں شہر کی سڑکوں پر دوپہر کے اوقات میں گہما گہمی کم رہی اور شہر کی مصروف ترین سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی ۔ تلنگانہ کے اضلاع میں آصف آباد‘ جگتیال‘ کاماریڈی ‘ نلگنڈہ ‘ کریم نگر‘ پدا پلی ‘ سرسلہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ ملوگو‘ میدک ‘ بھوپلی جئے شنکر‘ ہنمکنڈہ ‘ جنگاؤں‘ سدی پیٹ‘ سوریہ پیٹ‘ بھدادری اور کھمم کے علاوہ دیگر اضلاع میں 43ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا۔شہر حیدرآباد میں سب سے کم درجہ حرارت بنسی لعل پیٹ اور حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے علاقہ میں ریکارڈ کیاگیا ہے۔حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں آئندہ 3 یوم کے دوران گرمی کی شدت اور گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ کے دوران عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں ۔ماہرین موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ جاریہ ماہ کے اواخر تک جاری رہنے کا امکان ہے اسی لئے عوام کو احتیاط کرنی چاہئے ۔تلنگانہ کے جن اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ان اضلاع کے ساتھ ساتھ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔3