12 ہزار گرام پنچایتوں کے سپٹمبر یا اکٹوبر میں الیکشن کی تیاریاں، یکم اگسٹ کے کابینی اجلاس میں قطعی فیصلہ
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں عنقریب انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ حکومت سپٹمبر یا اکٹوبر میں گرام پنچایتوں کے انتخابات کے انعقاد کی تیاری کررہی ہے۔ جاریہ سال 31 جنوری کو گرام پنچایتوں کی میعاد مکمل ہوگئی اور یکم اگسٹ کو 6 ماہ مکمل ہوجائیں گے۔ حکومت نے اسپیشل آفیسرس کا تقرر کرتے ہوئے گرام پنچایتوں کے کام کاج کو جاری رکھا ہے۔ انتخابات کے بغیر 6 ماہ مکمل ہونے کے بعد گرام پنچایتوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈس کی اجرائی روک دی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی حکومت نے گرام پنچایتوں کی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سپٹمبر یا اکٹوبر میں انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس سلسلہ میں ماہرین سے رائے طلب کی گئی ہے۔ حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بعد ہی مجالس مقامی کے انتخابات کا فیصلہ کیا تھا۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے تحفظات کا اضافہ زیرغور ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مردم شماری کے لئے کم از کم 5 سے 6 ماہ درکار ہوں گے، ایسے میں مرکزی حکومت سے گرام پنچایتوں کو فنڈس کی اجرائی روک دی جائے گی۔ ریاست میں جملہ 12769 گرام پنچایتیں ہیں۔ حکومت نے 234 نئی گرام پنچایتوں کی تشکیل کے لئے بل منظور کیا ہے جو ریاستی گورنر کے پاس زیرالتواء ہے۔ اگر الیکشن نوٹیفکیشن تک گورنر بل کو منظوری دیتے ہیں تو 13003 گرام پنچایتوں کے انتخابات ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم اگسٹ کو کابینہ کے اجلاس میں گرام پنچایتوں کے الیکشن کے بارے میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ 1