تلنگانہ کے ریڈی سیاست میں ناکام: دامودر راج نرسمہا

   

Ferty9 Clinic

نئے صدر پردیش کانگریس کو جگن سے سبق لینا چاہئے
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ رائلسیما سے تعلق رکھنے والے ریڈی قائدین سیاست میں کامیاب ہوئے جبکہ تلنگانہ کے ریڈی کامیاب نہ ہوسکے ۔ اس سلسلہ میں ریڈی طبقہ کو محاسبہ کرنا چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ کی سیاست میں ریڈی طبقہ کی ناکامی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی نیا صدر پردیش کانگریس ہو ، اسے جگن موہن ریڈی سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ جگن موہن ریڈی نے مسلسل جدوجہد کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا۔ عوامی مسائل پر ان کی جدوجہد سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس برسوں تک ٹی آر ایس کو حلیف جماعت تصور کرنے کے نتیجہ میں کانگریس کو بھاری نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں ٹی آر ایس کے حامی بڑی تعداد میں موجود ہے، جنہوں نے 12 ار کان اسمبلی کی صورت میں ٹی آر ایس کو تحفہ دیا ہے ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز میں جی کشن ریڈی کو وزیر داخلہ مقرر کرتے ہوئے بی جے پی نے ٹی آر ایس کو جھلک دی ہے۔ نیتی آیوگ کے اجلاس سے غیر حاضر رہتے ہوئے کے سی آر نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ بی جے پی سے دوری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے اسی لئے کشن ریڈی کو مرکز میں اہم وزارت دی گئی ۔