تلنگانہ کے ساتھ مرکزی حکومت کا سوتیلا سلوک

   

ریاستی وزیرٹی ہریش راؤ کا الزام، کوہیر میں گورنمنٹ ہاسپٹل کی نئی عمارت کا افتتاح

کوہیر ۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی ہریش راؤ ریاستی وزیر صحت و فینانس نے کوہیر منڈل کا دورہ کرتے ہوئے 11.50 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر شدہ گورنمنٹ ہاسپٹل کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں اس موقع پر ایک جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت ریاست تلنگانہ سے سوتیلا سلوک کررہی ہے جس کی وجہ سے ریاست مالی بحران سے گذر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے 30 ہزار کروڑ روپے وصول طلب ہیں مگر تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی فلاحی اسکیمات کو جاری رکھا ہے جو کہ حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم خواتین کے موقع پر سلف ایمپلائمنٹ ڈاکرہ گروپس کی خواتین کو بلا سودی 750 کروڑ سیدھے ان کے بینک کھاتوں میں جمع کردیئے جائیں گے۔ اس موقع پر ایرولہ سرینواس تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سائنس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ چیرمین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں گورنمنٹ ہاسپٹلوں کی ابتر حالت ہوا کرتی تھی آج تلنگانہ حکومت میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہر منڈل سطح پر ایک بڑے طرز سے کارپوریٹ ہاسپٹل تعمیر کروائے جارہے ہیں اور ان سرکاری دواخانوں کے لئے عوام میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔ بی بی پاٹل رکن پارلیمنٹ حلقہ ظہیر آباد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر گورنمنٹ ہاسپٹل صرف 16 بستروں پر مشتمل تھا۔ ہریش راؤ وزیر صحت کی خصوصی دلچسپی سے کوہیر میں ایک عالیشان عمارت ممکن ہوئی ہے۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد شعبہ طب میں نمایاں خدمات انجام دی جارہی ہے۔ انہوں نے ہریش راؤ سے خواہش کی ہیکہ کوہیر منڈل میں مسلم اقلیتوں کی کثیر آبادی ہے جہاں ایک میناریٹی اقامتی اسکول چلایا جارہا ہے۔ اس کے لئے ذاتی بلڈنگ کی ضرورت ہے جس کے لئے اراضی بھی موجود ہے۔ کوہیر کے طلباء ظہیر آباد جاکر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان کے لئے نہایت ضرورت ہے۔ اس طرح کوہیر میں ایک بستی دواخانہ کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ کوہیر کو میونسپل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سرپنچ کوہیر عطیہ جاوید نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر کے طلباء کے لئے ڈگری کالج کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر محمد عبدالمنان جاوید نمائندہ ایم پی ٹی سی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر منڈل میں تقریباً 2 ہزار ایکڑ اراضی وقف گزٹ میں آچکی ہے جس کی وجہ سے یہاں کافی پریشانی ہے۔ اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور کوہیر میں بس اسٹانڈ کی نئی عمارت کی ضرورت ہے جس پر ہریش راؤ نے فوری توجہ دیتے ہوئے بنیادی مسائل کو فوری حل کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر انیتا سمپت نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن منجو شری ضلع کلکٹر ڈاکٹر شرت، ایڈیشنل کلکٹر ویرا ریڈی، میڈیکل بورڈ کمشنر وجئے کمار، بی مادھوی صدر نشین، رام داس ضلع پریشد رکن کے نرسمہلو یادو، صدر بی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل محمد کلیم الدین، محمد افتخار احمد، محمد تنویر احمد، مسلم میناریٹی کمیشن رکن، عابدہ طلعت، محمد عمر احمد، محمد شاہد سعود، عقیل احمد، عبدالوحید سابق ایم پی ٹی سی کے علاوہ بی آر ایس پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔