مرکزی وزیر کشن ریڈی کے بیانات گمراہ کن، تلنگانہ مفادات سے دلچسپی نہیں
حیدرآباد۔21 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر نے مرکزی حکومت پر تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کابینہ میں موجود کشن ریڈی تلنگانہ کو انصاف دلانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی کملاکر نے کہا کہ تلنگانہ کے مفادات کو تحفظ کے بجائے کشن ریڈی دہلی میں بیٹھ کر تلنگانہ پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت میں شمولیت کے بعد سے کشن ریڈی تلنگانہ کیلئے ایک بھی پراجکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے دھان کی خریدی اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے پاس سہولتوں کی کمی سے کشن ریڈی لاعلم ہیں۔ انہیں چاہئے تھا کہ معلومات حاصل کرنے کے بعد اظہار کرتے۔ مرکزی وزیر کی حیثیت سے تلنگانہ کے خلاف بیان بازی ٹھیک نہیں ہے۔ کشن ریڈی کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کریں۔ کملاکر نے کہا کہ کشن ریڈی اس بات کو فراموش کرچکے ہیں کہ تلنگانہ عوام کے سبب انہیں مرکزی حکومت میں شامل کیا گیا ہے لیکن وہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے بجائے بی جے پی کے سیاسی ایجنڈہ کے مطابق حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ ریاست میں 4.53 لاکھ ٹن دھان کے بارے میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے رپورٹ پیش کی ہے۔ 2020-21 ء میں تلنگانہ حکومت نے دونوں فصلوں کے تحت 40.50 لاکھ تھیلے دھان خریدا تھا۔ انہوں نے رائس ملرس اور حکومت کے درمیان ملی بھگت کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ کملاکر نے کہاکہ مرکزی حکومت کو دھان کی خریدی کے سلسلہ میں ملک بھر کیلئے یکساں پالیسی اختیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دھان کے مسئلہ پر سیاست سے بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ر