تلنگانہ کے سرکاری اسکولی طلبہ کیلئے ناشتہ فراہم کرنے کے اقدامات

   

حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے اسکولس کیلئے پائیلٹ پراجکٹ
چیف منسٹر کا ہرے راما ہرے کرشنا مشن کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال
حیدرآباد۔28جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ کے لئے حکومت کی جانب سے ناشتہ کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ہرے راما ہرے کرشنا مشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ہرے راما ہرے کرشنا مشن کے ذمہ داروں سے تبادلہ خیال کے دوران حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں موجود سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے 28 ہزار طلبہ کے لئے مفت ناشتہ کی سہولت کے لئے پائیلٹ پراجکٹ کے آغاز کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ کے لئے مڈ ڈے میل کے ساتھ ساتھ صبح اسکول پہنچتے ہی صحتمند ناشتہ کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور ان اقدامات کے لئے حکومت کی جانب سے ISCKON ہرے راما ہرے کرشنا مشن کا تعاون حاصل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے اور ہرے راما ہرے کرشنا مشن کی جانب سے کوڑنگل کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے 28 ہزار طلبہ کے لئے جلد ہی ناشتہ کی اسکیم کا آغاز عمل میں لایا جائے گا اور اگر تجرباتی اساس پر یہ اسکیم کوڑنگل میں کامیاب قرار دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ریاستی حکومت کی جانب سے اس اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے اسے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں شروع کرنے کے سلسلہ میں پیشرفت کی جائے گی۔3