تلنگانہ کے سرکاری محکمہ جات میں ایک لاکھ 90 ہزار جائیدادیں مخلوعہ

   

Ferty9 Clinic

بیروزگار نوجوان ماہانہ الاؤنس کے منتظر، کونسل انتخابات میں اتم کمار ریڈی کی مہم
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ 1.91 لاکھ جائیدادوں پر تقررات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اضلاع کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ ڈاکٹر چنا ریڈی اور راملو نائک کی تائید میں مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ ، نوجوانوں ، اساتذہ اور سرکاری ملازمین سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو جان بوجھ کر ٹالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی سفارشات کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل ضروری ہے لیکن 11 رکنی کمیشن نے صدرنشین کے بغیر محض دو ارکان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمیشن کے بغیر 50,000 جائیدادوں پر کس طرح تقررات کر پائے گی۔ ڈسمبر میں صدرنشین اور 6 ارکان کی میعاد ختم ہوگئی لیکن آج تک کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بناکر حکومت کمیشن کے تقرر سے گریز کر رہی ہے۔ دراصل حکومت تقررات میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر اور کھمم اور ورنگل مجالس مقامی کے انتخابات قریب ہیں ، لہذا آئندہ مزید 6 ماہ تک انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہے گا اور حکومت کو عدم تقررات کے لئے بہانہ مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کرتے ہوئے پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آر سی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ تلنگانہ میں 491304 منظورہ جائیدادوں میں 300178 ملازمین برسر روزگار ہیں۔ مخلوعہ جائیدادوںکی تعداد 191126 ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ 3016 روپئے الاؤنس کا وعدہ 2018 سے آج تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے 30 لاکھ بیروزگاروں اور 19 لاکھ گریجویٹس کو فوری طور پر بیروزگاری الاؤنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔