حیدرآباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) سنگاریڈی ضلع کے کندی علاقے کے قریب ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں سڑک کنارے کھڑی ہوئی ایک ٹِپّر گاڑی سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی مسافر بس ٹکرا گئی۔ اس اچانک حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 22 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے سنگاریڈی ضلع سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ ہاسپٹل ذرائع کے مطابق چند زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق آر ٹی سی بس میدک سے پٹن چیرو کی جانب جا رہی تھی۔ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 60 مسافر سوار تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس تیز رفتار تھی اور سڑک پر اچانک سامنے آنے والی کھڑی ٹِپّر گاڑی نظر نہ آنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوسکی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو بحال کیا اور حادثے کے اسباب کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیوروں کی لاپرواہی، رفتار اور سڑک کی صورتحال سمیت تمام زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
