تلنگانہ کے سپوت کرنل سنتوش بابو شہید

,

   

ہند ۔ چین سرحد پر جھڑپیں
بیٹے کی شہادت پر مجھے فخر ہے ‘ غمزدہ ماں کا تاثر
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) ہند۔چین سرحدی تناؤ میں ہوئے اضافہ میں شہید ہونے والے ہندستانی فوجیوں میں تلنگانہ کے سوریہ پیٹ سے تعلق رکھنے والے کرنل سنتوش بابو بھی شامل ہیں جو کہ ہند۔چین سرحد پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ سوریہ پیٹ میں ان کے افراد خاندان کوہندستانی افواج اور محکمہ دفاع کی جانب سے کرنل بی سنتوش کی شہادت کی اطلاع دی گئی۔ وادیٔ گلوان میں سرحدی کشیدگی میں شہید بی سنتوش بابو کی والدہ نے اس بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فرزند کی جوانی میں ہوئی موت کا انہیں شدید صدمہ ہے لیکن وہیں وہ اس بات سے خوش ہیں ان کے فرزند نے ملک کی سرحد کی حفاظت کیلئے اپنی جان دی ہے۔شہید سنتوش کی والدہ منجولہ نے بتایا کہ ان کی بہو اور ایک پوترے کے علاوہ ایک پوتری دہلی میں مقیم ہیں۔مسز منجولہ نے بتایا کہ شہید فوجی کی اہلیہ کے علاوہ ان کی 9سالہ دختر ابھیگنا اور 4سالہ فرزند انیرودھ موجودہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے فرزند کا حیدرآباد تبادلہ ہوچکا تھا لیکن ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے سبب وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ نہیں لے پائے تھے۔سنتوش بابو 2004میں فوج میں بھرتی ہوئے اور کشمیر میں خدمات انجام دی ہیں۔شہید سنتوش بابو 16ویں بہار بٹالین میں خدمات انجام دے رہے تھے اور ایک سال قبل ہند۔چین سرحد پر انہیں معمور کیا گیا تھا۔ انہوں نے لداخ ‘ ہند۔پاک سرحد و اروناچل پردیش میں بھی خدمات انجام دیں اور انہوں نے سال 2007 میں ہند۔پاک سرحد سے غیر مجاز داخل ہونے والوں کے خلاف کاروائی کرکے دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راو نے کرنل سنتوش بابو کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔