تلنگانہ کے شہری علاقوں میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے تحت آؤٹر رنگ روڈس کی تعمیر

   


آئندہ بجٹ میں 300 کروڑ مختص کرنے کا امکان، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کا انکشاف
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے شہری علاقوں میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت آؤٹر رنگ روڈس کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کریم نگر، کھمم، محبوب نگر اور نلگنڈہ میں آؤٹر رنگ روڈس کی تعمیر کیلئے حکومت نے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں حکومت اس مقصد کیلئے 100 تا 300 کروڑ روپئے مختص کرسکتی ہے۔شہری علاقوں میں تعمیر کی جانے والی آؤٹر رنگ روڈ حیدرآباد میں تعمیر کردہ نہرو آؤٹر رنگ روڈ کی طرز پر رہے گی۔ونود کمار نے ورنگل ( اربن ) میں پرجا سنکشیما پرگتی یاترا کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ گورنمنٹ چیف وہپ اور ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی بی ونئے بھاسکر نے اس یاترا کا اہتمام کیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ حکومت مقامی افراد کی نمائندگی پر پداماں گڈہ علاقہ میں اربن ہیلت سنٹرس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 1.50 کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا سہرا ٹی آر ایس حکومت کے سر جاتا ہے۔ اپوزیشن کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا اخلاقی حق نہیں پہنچتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر شعبہ میں حکومت نے کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔ ونئے بھاسکر نے کہا کہ ورنگل ویسٹ میں ترقیاتی کاموں پر 232 کروڑ خرچ کئے گئے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ ورنگل جیسے تاریخی شہر کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ ونئے بھاسکر نے بتایا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں 37.72 کروڑ سے سنٹرل لائٹنگ سسٹم، سڑکیں اور ڈرینج کا کام انجام دیا گیا۔ مجموعی طور پر ترقیاتی کاموں کیلئے 232 کروڑ خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے تحت 320 افراد کی مدد کی گئی ہے جبکہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے تحت 108 افراد کی مالی مدد کی گئی۔