تلنگانہ کے صحافیوں کو امکنہ اراضی الاٹمنٹ کیلئے عنقریب پالیسی

   

حیدرآباد کے سلسلہ میں اندرون 10 یوم جی او ،صحافیوں کی کانفرنس سے وزیر مال سرینواس ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/19 جون ، ( سیاست نیوز ) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ورکنگ جرنلسٹوں کو امکنہ اراضی الاٹ کرنے کیلئے حکومت عنقریب نئی پالیسی تیار کرے گی۔ سرینواس ریڈی نے کھمم میں صحافیوں کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت صحافیوں کو امکنہ اراضی الاٹ کرنے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں صحافیوں نے اہم رول ادا کیا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے امکنہ اراضی کی فراہمی کے بارے میں صحافیوں سے صرف وعدے کئے اور ان کے مسائل کی یکسوئی نہیں کی۔ تلنگانہ میں زیر قیادت عوامی حکمرانی کی بحالی کے بعد صحافیوں کے مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں اراضی مقدمہ کی یکسوئی کے باوجود سابق حکومت نے امکنہ اراضی کے الاٹمنٹ پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عنقریب حیدرآباد جرنلسٹ ہاوزنگ سوسائٹی کے ارکان کو اراضی الاٹ کرنے کے اقدامات کرے گی۔ اندرون دس یوم اس سلسلہ میں جی او جاری کرنے سے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں باقی ماندہ صحافیوں کے علاوہ اضلاع اور منڈل کی سطح پر کام کرنے والے ورکنگ جرنلسٹوں کو بھی عنقریب اراضی کا تعین کرتے ہوئے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھمم میں اراضی کی تقسیم سے متعلق جاری کردہ جی او پر عمل آوری روک دی گئی۔ ضلع کلکٹرکو کسی اور مقام پر اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ مرحلہ اندرون ایک ہفتہ مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکریڈیشن کارڈز کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں صحافیوں کو ہیلت کارڈ کی سہولت کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں بھی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر پریس اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی، انڈین جرنلسٹ یونین کے سابق صدر ڈی امر اور تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ کے قائدین موجود تھے۔1