تلنگانہ کے ضلع میدک میں تیندوے کو پکڑاگیا

   

حیدرآباد12ستمبر(یواین آئی) تلنگانہ کے ضلع میدک میں تیندوے کو پکڑاگیا جس کی وجہ سے کچھ عرصہ سے سنسنی پھیل گئی تھی اور مقامی افراد میں خوف کا ماحول تھا۔ضلع کے چناشنکرم پیٹ کے رہنے والے افراد کو اس تیندوے کی وجہ سے رات میں گھروں سے نکلنے میں خوف ہورہا تھا۔ضلع کے کامارم تانڈہ میں اس جنگلی جانور نے مویشیوں پر حملے کرتے ہوئے ان کو ہلاک بھی کیاتھا۔مقامی افرادنے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو چوکس کیا جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ایک بڑے پنجرہ کاانتظام کرتے ہوئے اس کو کافی جدوجہد کے بعد پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔کل رات اس پنجرہ میں یہ تیندواپھنس گیا۔اس کو پنجرہ میں دیکھ کر مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دی جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے اور اس کو یہاں سے لے گئے ۔دو سالوں سے اس تیندوے کا خوف لوگوں میں پایاجارہا تھابالاخر اس کو پکڑنے میں کامیابی ملنے کے بعد مقامی افراد نے راحت کی سانس لی۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے شبہ ظاہر کیاکہ مزید چند تیندوے اس علاقے میں موجود ہیں۔