ریاست میں پھر ایک بار برڈ فلو کا خطرہ !
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں برڈ فلو دستک دے رہا ہے ! تلنگانہ کے ضلع پدا پلی میں 4000 مرغیوں کے فوت ہوجانے کے ساتھ ہی چکن کا کاروبار کرنے والوں میں ایک مرتبہ دوبارہ ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ اچانک 4000 مرغیوں کے فوت ہوجانے کے سبب شہریوں میں تشویش پیدا ہونے لگی ہے لیکن محکمہ افزائش مویشیاں کی جانب سے پداپلی میں فوت ہونے والی مرغیوں کے پوسٹ مارٹم اور حقائق سے آگہی کے حصول کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ مرغیوںکے فوت ہونے کی وجوہات کا فوری پتہ لگایا جاسکے۔ عہدیدارو ںکا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں مرغیوں کے فوت ہونے کی کئی ایک وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں برڈ فلو کا بھی خدشہ ہے لیکن ان خدشات کے ساتھ ساتھ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان مرغیوں کو زہر دیا گیا ہے یا پھر سن اسٹروک کے سبب اور گرمی میں ہونے والے اچانک اضافہ کے سبب بھی مرغیاں فوت ہوسکتی ہیں۔ضلع پدا پلی کے موضع کلوا سری رام میں اچانگ مرغیوں کے فوت ہونے کی اطلاعات کے ساتھ ہی علاقہ کے عوام میں دہشت پیدا ہونے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ علاقہ میں موجود دیگر پولٹری فارمس کی مرغیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ اس بات کا پتہ لگایاجاسکے کہ آیا یہ برڈ فلو ہے یا پھر کسی اور بیماری کے سبب مرغیوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ افزائش مویشیاں کے عہدیداروں نے مقامی انتظامیہ سے اس بات کی بھی خواہش کی ہے کہ وہ دیگر پولٹری فارمس میں موجود پرندوں اور انڈوں کی جانچ کے انتظامات کو بھی یقینی بنائیں تاکہ برڈ فلو کی صورت میں صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔