ملک کے دیگر ریاستوں سے کم درخواستیں وصول ، حکومت کی کوشش پر عازمین کے لیے فائدہ مند
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کو مزید 1000 عازمین حج کا کوٹہ حاصل ہوگا اور حکومت کی سطح پر مرکز سے نمائندگی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں مزید 500 عازمین کا اضافی کوٹہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں 13ہزار سے زائد افراد نے حج2019کے لئے درخواستیں داخل کی تھیں لیکن ان میں سے کوٹہ کے مطابق قرعہ کے ذریعہ عازمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور اب جبکہ ملک کی دیگر ریاستوں سے کوٹہ مکمل نہ ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں تو ایسی صورت میں مرکزی حج کمیٹی ذرائع کے مطابق کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ کو مزید 1000 عازمین کا کوٹہ حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اگر ریاستی حکومت مرکزی حکومت سے مؤثر نمائندگی کر تی ہے تو ایسی صورت میں ریاست تلنگانہ کو مزید اضافی کوٹہ حاصل ہوسکتا ہے کیونکہ مرکزی حج کمیٹی کے ذرائع کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں کے کوٹہ کے مطابق درخواستیں موصول نہ ہونے کے باعث کوٹہ موجود ہے۔ ریاست تلنگانہ کو 4169عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے جس میں 484عازمین کا محفوظ زمرہ میں انتخاب عمل میں لایا گیا اور مابقی 3685 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایا جا چکا ہے اور توقع ہے کہ اس سال اضافی حج کوٹہ کی تخصیص عمل میں لائی جائے گی اور اس کے علاوہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کوشش کی جاتی ہے تو ایسی صور ت میں کوٹہ میں مزید اضافہ کی گنجائش موجود ہے کیونکہ قومی سطح پر مختلف ریاستوں میں الاٹ کردہ نشستیں مخلوعہ ہیںجنہیں پر کیا جانا ناگزیر ہے۔ مرکزی حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی امور سے مؤثر نمائندگی کی صورت میں ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کو فائدہ حاصل ہوسکتا ہے جو حج کمیٹی کے توسط سے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔عہدیداروں کے مطابق ویٹنگ لسٹ میں زیادہ سے زیادہ عازمین کے انتخاب کیلئے کوشش کی جائے گی لیکن تمام امور مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کے انتخاب پر ممکن ہو سکیں گے لیکن حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جانی ضروری ہے کہ ریاست کے عازمین کی تعداد میں اضافہ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست تلنگانہ سے درخواست داخل کرنے والے خواہشمندوں کی روانگی کو ممکن بنایا جاسکے۔