تلنگانہ کے عوام میری طاقت اور رشتہ دار ہیں: کے سی آر

   

ناگر کرنول میں کلکٹریٹ اور ایس پی آفس کا افتتاح : چیف منسٹر کا جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ عوام میری طاقت اور رشتہ دار ہیں۔ ملک کے عوام تلنگانہ ماڈل کی خواہش کر رہے ہیں اور جلسوں سے خطاب کیلئے مجھے مدعو کر رہے ہیں ۔ کانگریس قابل بھروسہ نہیں ہے ۔ غلطی سے بھی کانگریس پر بھروسہ کیا گیا تو ریاست میں دلالوں کا راج شروع ہوجائے گا۔ ناگر کرنول میں کلکٹریٹ و ایس پی آفس بی آر ایس آفس کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں ضلع محبوب نگر کو آندھرائی حکمرانوں نے نظر انداز کردیا ۔ محبوب نگر کا نام نقل و مقام کرنے والے ضلع میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ خشک سالی کا شکار تھا ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ضلع محبوب نگر سر سبز و شاداب ضلع میں بدل گیا ہے ۔ 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ ہورہی ہے ۔ نئے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات سے ضلع کا نقشہ تبدیل ہوگیا ہے ۔ زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کو جلد مکمل کرکے عوام کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ دھرانی پورٹل متعارف کرانے کے بعد دلالی ختم ہوگئی ۔ کانگریس قائدین دھرانی پورٹل کو خلیجی بنگال میں پھینک دینے کی بات کر رہے ہیں۔ وہ عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ کانگریس کو خلیج بنگال میں پھینک دیں۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی وجہ ناگر کرنول کیلئے نئی کلکٹریٹ اور ایس پی عمارت تعمیر ہوئی ہے۔ دھرانی پورٹل سے کسانوں اور عوام کو سہولت ہوئی ہے ۔ گروہا لکشمی اسکیم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ کے 4000 مکانات منظور کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں اعزاز ہے کہ وہ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کی نمائندگی کرکے علحدہ تلنگانہ حاصل کرچکے ہیں۔ اس لئے وہ ہر اسمبلی حلقہ کو چار ہزار مکانات منظور کر رہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں ضلع محبوب نگر کا خصوصی مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند اپوزیشن قائدین جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام ان پر بھروسہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل میں تبدیلی کے اختیارات چیف منسٹر کو بھی نہیں ہیں ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں کو جو اختیارات تھے ، وہ اختیارات عوام کو سونپے گئے ہیں۔ دھرانی کی شروعات سے قبل کتنے قتل عام ہوئے تھے اس پر عوام کو غور کی ضرورت ہے ۔ن