تلنگانہ کے غداروں کے ذریعہ آر ٹی سی ملازمین کی توہین

   

کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا الزام، کے سی آر کے رویہ کے سبب ملازمین کی موت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے غداروں کو ساتھ بٹھاکر کے سی آر تلنگانہ کے حقیقی مجاہدین آر ٹی سی ملازمین کی توہین کر رہے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ ضلع کے دیورکنڈہ آر ٹی سی ڈپو سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور جئے پال ریڈی کی قیام گاہ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ جئے پال ریڈی کی حرکت قلب بند ہوجانے سے موت واقع ہوگئی ۔ وینکٹ ریڈی نے جے اے سی قائدین کے ہمراہ جئے پال ریڈی کے پسماندگان کو پرسہ دیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے رویہ کے نتیجہ میں آر ٹی سی ملازمین کی موت واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے غداروں کے ذریعہ آر ٹی سی ورکرس کی توہین کا سلسلہ فوری بند کریں۔ کابینہ میں تلنگانہ کے غداروں کو شامل کیا گیا اور انہیں بازو بٹھاکر آر ٹی سی ملازمین پر تنقید کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے توہین آمیز بیانات پر تلنگانہ کے غدار ہنس رہے ہیں جو حقیقی تلنگانہ وادیوں کے لئے باعث تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ورکرس کی جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ تحریک میں شدت پیدا ہوئی تھی۔ آر ٹی سی ملازمین نے ملازمت کی پرواہ کئے بغیر تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا جس کے نتیجہ میں آج کے سی آر چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حقیقی تلنگانہ کے ورکرس کو نظر انداز کرتے ہوئے کے سی آر تلنگانہ تحریک کے مقاصد کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ تلنگانہ جو کہ دولت مند ریاست تھی اسے مقروض کردیا گیا۔ 100 کروڑ سے پرگتی بھون کی تعمیر عمل میں آئی اور کے سی آر کے لئے کروڑہا روپئے مالیتی قیمتی کاریں حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی سے سیکھیں جو کم تجربہ کے باوجود آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو فارم ہاؤز میں نئی عمارت کی واستو کے مطابق تعمیر کیلئے موجودہ عمارت کو منہدم کیا جارہا ہے۔ کے سی آر کو عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے خاندان کی بھلائی کی فکر ہے۔ وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ آر ٹی سی جے اے سی کے احتجای پروگراموں میں کانگریس قائدین بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔ انہوں نے این جی اوز سے آر ٹی سی ہڑتال میں شامل ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ کے سی آر کے جھوٹے وعدوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کے سی آر کبھی بھی این جی اوز کو فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کو خوف سے ابھر کر اپنے ساتھی ملازمین کا ساتھ دینا چاہئیے ۔