تلنگانہ کے غریب خاندانوں میں 5 لاکھ سے زائد راشن کارڈس کی تقسیم: لکشمن کمار

   

انتخابی وعدوں کی تکمیل ریونت ریڈی حکومت کا کارنامہ، وزیر اقلیتی بہبود کا نلگنڈہ میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے نلگنڈہ ضلع کے دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ میں غریب خاندانوں میں منظورہ راشن کارڈس کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لکشمن کمار نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے غریبوں کی فلاح و بہبود کو نظرانداز کردیا تھا جس کے نتیجہ میں گزشتہ 10 برسوں تک غریبوں کو مختلف مسائل سے گذرنا پڑا۔ کانگریس حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی غریبوں کی بھلائی کی نئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تاحال 528153 نئے منظورہ راشن کارڈس تقسیم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی تعداد میں غریبوں کو راشن کارڈس کی اجرائی پر انہیں فخر ہے۔ مستقبل میں بھی کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ پہنچنے پر مقامی کانگریس قائدین نے ریاستی وزیر کا شاندار استقبال کیا۔ لکشمن کمار نے میونسپلٹی کے ترقیاتی فنڈس سے منظورہ 1.35 کروڑ سے تعمیر کی جانے والی سی سی روڈ کے کاموں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی غریبوں کی بھلائی اور ان کی معاشی ترقی میں سنجیدہ ہیں۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے 200 یونٹ مفت برقی، 500 روپے میں گیس سلینڈر، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں ہاوزنگ کی منظوری کے علاوہ کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک کے قرضہ جات کی معافی کے لئے 21,000 کروڑ جاری کئے گئے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 9 دن میں 9000 کروڑ منتقل کئے گئے۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی بالو نائک کی ستائش کی جنہوں نے ایس سی ایس ٹی اور دیگر کمزور طبقات کی بھلائی اور ان کے علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہیں۔ اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل شنکر نائک، مارکٹنگ کمیٹی کے صدر نشین مادھو ریڈی، سنجیوا ریڈی، اگریکچرل کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر نشین کے سری سیلم، ضلع کلکٹر، جوائنٹ کلکٹر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1