تلنگانہ کے قیام کے بعد سے1.17 لاکھ جائیدادوں پر تقررات

   

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد حکومت نے تقریباً1,17,714 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے ہیں۔ مختلف طریقوں سے ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے اسمبلی میں کہا کہ مزید 31ہزار 668 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔ وزیر فینانس نے اسمبلی میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2014 میں تلنگانہ کے قیام کے بعد سے اب تک کئی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے ہیں اور دیگر کئی جائیدادوں پر تقررات کیلئے پیش رفت ہورہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ملازمتوں کی فراہمی کا جھانسہ دینے کے واقعات کے بعد 900 کیس درج کئے گئے ہیں اس کے باوجود حکومت نے تقررات کے عمل کو نہیں روکا۔ البتہ بعض تقررات میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ قانونی طور پر کھڑی کردہ رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔