تلنگانہ کے قیام کے بعد ڈائیل 100 کو55 لاکھ سے زائد شکایتیں

   


حیدرآباد : ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے اب تک پولیس ایمرجنسی نمبر ڈائل 100 کو 55 لاکھ سے زائد شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق تلنگانہ پولیس نے عوام کو ہمیشہ یہ مشورہ دیا ہے کہ ناگہانی صورتحال یا ایمرجنسی حالات میں وہ ڈائل 100 کا استعمال کریں اور پولیس کے اس مشورہ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ سال 2014 ء میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ڈائل 100 کیلئے ترجیح دی گئی تھی جس کے تحت 55 لاکھ 62 ہزار 389 جملہ فون کالس نومبر 2020 ء تک موصول ہوئے ہیں ۔ جن میں 12 لاکھ 2 ہزار 923 فون کالس جھگڑے اور جھڑپوں سے متعلق ہے جبکہ 9 لاکھ 96 ہزار 023 کالس سڑک حادثہ کیلئے کئے گئے تھے ۔ عوام نے 8 لاکھ 58 ہزار 871 فون کالس ہنگامہ آرائی اور معمولی سی واقعات کیلئے فون کئے ہیں جبکہ خواتین پر حملوں سے متعلق 6 لاکھ 49 ہزار 109 کالس موصول ہوئے ہیں ۔ اِسی طرح 2 لاکھ 10 ہزار 936 خودکشی سے متعلق ہے اور 29 ہزار 113 الیکشن سے متعلق شکایتیں فون پر موصول ہوئی ہیں ۔ تلنگانہ پولیس کی جانب سے ڈائل 100 سسٹم کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تمام کوششیں کی ہیں اور اس سلسلہ میں اندرون 90 سیکنڈ موقع واردات پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔