تلنگانہ کے مجوزہ فارما پارک کیلئے رقمی منظوری دینے مرکزی حکومت سے خواہش

   

ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا مرکزی وزیر کو مکتوب
حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمینش ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مرکزی وزراء مسٹر پیوش گوئل اور مسٹر دھرمیندر پردھان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں مجوزہ فارما پارک کیلئے رقمی منظوری کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے حکومت تلنگانہ کے اس پراجکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 5لاکھ 60ہزار نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مرکزی وزراء کو روانہ کئے گئے مکتوب میں کہا کہ حکومت ہند اگر اس پراجکٹ میںانفراسٹرکچر کیلئے 1318 کروڑکے علاوہ ٹکنالوجی کیلئے 2100 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس فارما پارک کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے روا نہ کردہ مکتوب میں مرکزی حکومت سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ فارما شعبہ کی ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کی حکمت عملی پر عمل آوری کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی کی راہ ہموار کریں کیونکہ اس فارما پارک کی تکمیل کی صورت میں ریاست کے نوجوانوں کو نہ صرف ملازمتیں حاصلہ ہوں گی بلکہ ریاست میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے مکتوب میں مرکزی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ ادویات کے شعبہ کی ترقی کیلئے پالیسی کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اسی پالیسی کو روبعمل لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔