تلنگانہ کے محکمہ جیل کی کارکردگی ملک بھر میں مثالی

   

Ferty9 Clinic


محکمہ جیل کے پٹرول پمپ کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی کا ردعمل
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کے محکمہ جیل کی سارے ملک میں مثالی شناخت ہے ۔ اے ایس راؤ نگر ڈیویژن کے حدود میں واقع کملانگر میں محکمہ جیل کی جانب سے قائم کردہ نئے پٹرول پمپ کا افتتاح کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر محکمہ جیل کے ڈی جی راجیو ترویدی ، مئیر بی رام موہن ، رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی رکن قانون ساز کونسل کے جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ محکمہ جیل ، قیدیوں کی سدھار ، فلاح و بہبود کے ساتھ آمدنی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مثالی خدمات انجام دے رہا ہے جو قابل ستائش اقدام ہے ۔ جیل کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کی فلاح و بہبود پر بالخصوص انہیں سہولتوں کے ساتھ روزگار کے شعبوں میں ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاست کے مختلف جیلوں میں سزا بھگتنے والے قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی مکمل سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ جیل پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ قیدیوں اور محکمہ جیل کے عملہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں حل کیا گیا ہے ۔ قیدیوں کو تربیت فراہم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد مختلف شعبوں میں انہیں روزگار حاصل ہو اس کا لحاظ رکھتے ہوئے تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔۔