تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش

   

متعدد مقامات پر ژالہ باری، درجہ حرارت میں گراوٹ، آج بھی غیر معمولی بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔23۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھا ر بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کہا جارہاہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ سلسلہ جاری رہے گا اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں دو یوم قبل رات دیر گئے ہونے والی بارش کے بعد سے کوئی بارش ریکارڈ نہیں کی گئی لیکن درجہ حرارت میں 2ڈگری سیلسیس تک کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے کئی اضلاع میں 23اور24 مارچ کے لئے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے موسلادھار بارش کا انتباہ دیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ریاست کے اضلاع سنگاریڈی ‘ رنگاریڈی ‘ وقارآباد‘ میڑچل ‘ میدک‘ کاماریڈی ‘ سرسلہ اور ناگرکرنول میں بارشوں کا سلسلہ جو دوپہر میں شروع ہوا یوں ہی جاری رہے گا جبکہ شہر حیدرآباد کے شمالی علاقوں میں بھی 23مارچ کی شام سے بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ 23اور24 مارچ کی درمیانی شب کے دوران ہونے والی بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کے بھی امکانات پائے جاتے ہیں۔اس غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات کا سرکاری سطح پر جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے ان نقصانات کی پابجائی کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاست کے بیشتراضلاع میں گذشتہ 2یوم سے غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بارش کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہونے لگی ہے جس کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔3