تلنگانہ کے مریض کی مدد کیلئے این آر آئیز اسوسی ایشن کی اپیل

   

ریاض ( کے این واصف) : سماجی تنظیم ’’تلنگانہ این آر آئیز اسوسی ایشن‘‘ نے حکومت تلنگانہ سے ضلع نظام آباد کے متوطن شدید علیل شخص کے علاج کے لئے مزید مدد کی اپیل کی ہے۔ جس کے دماغ کا دوسرا آپریشن ابھی باقی ہے۔ صدر تلنگانہ این آر آئیز اسوسی ایشن عبدالجبار نے مریض ارشد علی محمد کے کیس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ارشد علی کو کافی جدوجہد کے بعد ریاض میں ملازمت ملی مگر شومی قسمت کہ ملازمت کے چند روز بعد ہی ارشد کو Brain مین Clots کا عارضہ لاحق ہوا اور وہ کوما میں چلے گئے۔ جس کا آپریشن اور دیگر امور پر بہت خرچہ ہوگا۔ اسوسی ایشن نے اس کا بیڑا اٹھایا اور بڑی کوششوں سے مریض کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا اور علاج کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا اور اب مریض کوما سے باہر اور ہوش و حواس میں ہے لیکن فریش ہے۔ تلنگانہ این آر آئیز اسوسی ایشن نے سفارت خانہ ہند ریاض کی مدد سے مریض کو اسٹریچر پر وطن واپس بھیجنے کا انتظام کیا۔ ’’ابھی مریض کے امتحان اور بھی ہیں ‘‘ کی طرح مریض کا اب دوسرے مرحلہ کا آپریشن باقی ہے۔ مریض اس مہنگے آپریشن کے اخراجات برداشت کرنے کا متحمل نہیں۔ صدر اسوسی ایشن عبدالجبار نے چیف منسٹر تلنگانہ اور خصوصاً وزیر صحت شری ہریش راؤ سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اس مریض کی مدد کریں۔ صدر اسوسی ایشن عبدالجبار نے اپنے بیان مین وزارت صحت مملکت سعودی عرب، سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں، ایمبیسی عہدیداران وبھوتی نارائین پانڈے، مینا جی، معین اختر اور اپنے معاونین محمد حسین، محمد شبیر اور محمد فیض کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون اور بر وقت مدد سے اسوسی ایشن اس مریض کو علاج کے بعد وطن روانہ کرنے مین کامیاب ہوسکی۔