تلنگانہ کے مزید 30 طلبہ یوکرین سے دہلی پہنچ گئے

   

دہلی کے تلنگانہ بھون میں عہدیداروں نے ریاست کے طلبہ کا خیرمقدم کیا

حیدرآباد۔ 2 مارچ (پریس نوٹ) تلنگانہ کے مزید 30 طلبہ جنگ سے متاثرہ یوکرین سے آج نئی دہلی پہنچ گئے جہاں نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں ریاستی حکومت کے عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ یوکرین پر روس کے حملے اور شدید بمباری کے علاوہ یوکرین کے انتہائی سرد موسم اور حالات کے درمیان تلنگانہ کے طلبہ انتہائی مشکل حالات میں یوکرین کی سرحد پار کرکے رومانیہ پہنچے۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے طلبہ کی بھرپور مدد کی۔ رومانیہ کے بخاریسٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ طلبہ کو نئی دہلی لایا گیا۔ تلنگانہ بھون میں طلبہ کے قیام و طعام کا اہتمام کیا گیا جبکہ ان کی حیدرآباد واپسی کے لئے مفت ایئر ٹکٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق شام تک وہ حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔ چہارشنبہ کو تلنگانہ کے 30 طلبہ کے یوکرین سے وطن واپسی کے ساتھ تلنگانہ کے تاحال 97 طلبہ وطن واپس ہو چکے ہیں جو یوکرین کی مختلف یونیورسٹیز میں مختلف کورسیس میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلبہ کو بہ حفاظت وطن واپس لانے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور روس اور یوکرین کی حکومتوں کے نمائندوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔ مرکزی حکومت نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہندوستانی طلبہ کے علاوہ ہندوستانی شہریوں کی یوکرین سے واپسی کے لئے مناسب انتظامات کئے ہیں اور وقتاً فوقتاً ہندوستانیوں کو اڈوائزری جاری کرتے ہوئے بہ حفاظت وطن واپسی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔