تلنگانہ کے مستقل ڈی جی پی کے تقرر کیلئے مساعی

   

یونین پبلک سرویس کمیشن نے حکومت سے ناموں کی فہرست طلب کی
حیدرآباد ۔23 ۔ فروری (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد یونین پبلک سرویس کمیشن نے تلنگانہ کے مستقل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کی کارروائی شروع کی ہے۔ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تلنگانہ حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس رتبہ کے عہدیداروں کی فہرست روانہ کرنے کی خواہش کی گئی۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کے سلسلہ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران یونین پبلک سرویس کمیشن کو مستقل ڈی جی پی کے تقرر کی کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈی جی پی عہدہ کی اہلیت رکھنے والے عہدیداروںکی فہرست طلب کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے بی شیودھر ریڈی کو انچارج ڈی جی پی کے طور پر تقرر کیا ہے جو اپریل کے اختتام پر وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔ پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کی جانے والی اہل عہدیداروں کی فہرست میں شیودھر ریڈی کا نام شامل کیا جائے گا یا نہیں اس بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ تلنگانہ حکومت سے خواہش کی گئی کہ جلد از جلد عہدیداروں کے ناموں کا پیانل روانہ کریں۔ یونین پبلک سرویس کمیشن عہدیداروں کی سینیاریٹی کی بنیاد پر نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کی سفارش کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک کی دیگر 9 ریاستوں کو بھی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کے لئے اہلیت رکھنے والے عہدیداروں کے نام طلب کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں ڈی جی پی رتبہ کے 6 عہدیدار موجود ہیں جن میں سی وی آنند ، بی شیودھر ریڈی ، پربھاکر آپٹے ، سومیا مشرا ، شیکھا گوئل اور ابھیلاشا بشٹ شامل ہیں۔ حکومت جن ناموں کو روانہ کرے گی ، ان میں سے تین نام شارٹ لسٹ کرتے ہوئے یونین پبلک سرویس کمیشن سفارش کرسکتا ہے۔1