بی جے پی کے 10 سالہ دور میں کوئی طبقہ ترقی نہیں کرسکا، محبوب نگر میں انتخابی مہم سے خطاب
محبوب نگر۔/27 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس نے جھوٹے وعدوں سے اقتدار حاصل کیا لیکن یہ وعدے قابل عمل نہیں ہیں اور یہ وعدے تکمیل تو نہیں بلکہ ختم ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مستقر محبوب نگر کے کلاک ٹاور پر ایک کارنر میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے وہ جمعہ کی شام حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے بی آر ایس امیدوار منے سرینواس ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کانگریس کے ہاتھوں تباہ ہورہی ہے جبکہ 10 برسوں سے مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کا رویہ بھی تلنگانہ کے ساتھ متعصبانہ رہا ہے۔ گذشتہ دس برسوں میں آخر تلنگانہ کو کیا دیا؟ پارلیمانی انتخابات میں ووٹ کیلئے ڈرامے کرتے پھررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ، بی جے پی دونوں بھی تلنگانہ کے حق میں سنجیدہ نہیں ہیں، بھگوان کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے بلند آواز میں کہا کہ ان کی پیدائش ہی تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہوئی ہے اور جب تک زندہ رہیں گے تلنگانہ میں عوام کیلئے فلاحی کام کرتے رہیں گے۔ بی جے پی پر الزام لگایا کہ دس سال میں کوئی طبقہ ترقی نہیں کرسکا۔ کسانوں کو انتباہ دیا کہ اگر آپ نے بی جے پی کو ووٹ دیا اور برسر اقتدار لایا تو پھر کھیتوں میں برقی میٹرس نصب کروانے تیار رہیں۔ میں نے 15 برسوں بلاتکان جدوجہد کرکے مرکز کو جھکاکر تلنگانہ حاصل کیا اب اس کی حفاظت بھی میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بی آر ایس امیدوار منے سرنواس ریڈی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سباق ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ، سابق ایم ایل اے جڑچرلہ لکشما ریڈی، بی آر ایس قائدین اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
