نئے صدر پردیش کانگریس سے نیک تمنائیں ، ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد۔ /6 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ میں تلنگانہ کے مفادات کے لئے ہمیشہ جدوجہد جاری رکھوں گا اور تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہے اور عوام ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ 19 جولائی سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس میں تلنگانہ کے آبی حقوق اور دیگر مسائل پر آواز اٹھائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے 6 سال 6 ماہ تک پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری کیلئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی میعاد کے دوران تمام 119 اسمبلی حلقوں کے پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ان سے بھرپور تعاون کیا ہے جس کے لئے وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے پردیش کانگریس کی صدارت پر ریونت ریڈی کے تقرر پر مبارکباد پیش کی اور پارٹی کے نئے عہدیداروں سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 12765 گرام پنچایتوں اور 141 میونسپلٹیز میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے۔ میں ان لاکھوں کانگریس ورکرس کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے کئی دہوں تک حکومتوں اور پولیس کی ہراسانی کا سامنا کیا اور قربانیاں دیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وہ کل ریونت ریڈی کی جائزہ تقریب میں شرکت کے بعد بنگلور روانہ ہورہے ہیں جہاں جندال نیچر کیور سنٹر میں 10 دن قیام کریں گے اور وہیں سے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کیلئے دہلی روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے آبی مفادات کے تحفظ میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کے سی آر کو اقتدار میں برقراری کا کوئی اخلاقی حق نہیں کیونکہ آندھرا پردیش کی جانب سے نئے پراجکٹس کی تعمیر کو روکنے میں ناکامی ہوئی ہے۔ انہوں نے ریاست میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ کیا۔