تلنگانہ کے نئے سکریٹریٹ کیلئے تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ کی پیشکشی

   

حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( پی ٹی آئی) نئے سکریٹریٹ کی عمارات کی مجوزہ تعمیر کیلئے حکومت تلنگانہ کی طرف سے مقرر کردہ انجینئرنگ عہدیداروں کی تکنیکی کمیٹی نے چہارشنبہ کو اپنی رپورٹ پیش کردی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ رپورٹ اس مسئلہ سے متعلق تمام اُمور کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل شدہ کابینی ذیلی کمیٹی میں پیش کی گئی ہے۔ ذیلی کمیٹی کے ارکان وی پرشانت ریڈی اور سرینواس گوڑ نے رپورٹ وصول کی اور کہا کہ یہ کمیٹی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مناسب سفارشات کے ساتھ بہت جلد اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔ چیف منسٹر نے 27 جون کو موجودہ سکریٹریٹ کے مقام پر ہی نئے سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا تھا۔ تلنگانہ کابینہ میںوزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کی قیادت میں ایک گروپ تشکیل دیا تھا جس کو نئے سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیرکی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ نئی سکریٹریٹ کی 4 لاکھ مربع فیٹ پر مشتمل عمارتیں 400 کروڑ روپئے کی مالیت سے تعمیر کی جائیں گی۔ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے مسئلہ پر ٹی آر ایس حکومت کو اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کی تنقیدوں کا نشانہ بھی بننا پڑا۔ ان جماعتوں نے استدلال پیش کیا تھا کہ نئی عمارتوںکی تعمیر کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ موجودہ ڈھانچے چند دہائیوں قبل ہی تعمیر کئے گئے تھے جو ہنوز مضبوط ہیں۔