تلنگانہ کے وزیر داخلہ کے پوترے کا ’’ٹک ٹاک ویڈیو‘‘

   

حیدرآباد۔ 18 جولائی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر داخلہ کے پوترے کی ’’ٹک ٹاک ویڈیو‘‘ پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ محمد محمود علی کے پوترے فرقان احمد پولیس کی گاڑی کے بانیٹ پر ایک شخص کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ گاڑی سے فوری اُتر کر ایک فلم کے مکالمے دہرا رہے ہیں۔ اس تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ یہ لوگ یاقوت پورہ علاقہ میں دو دن قبل ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے جہاں ایک مقامی نوجوان نے یہ ویڈیو بنایا ہے۔ میرا پوترا صرف گاڑی پر بیٹھا تھا، مقامی نوجوان نے یہ ویڈیو بنائی ، ہم اس ویڈیو کی تحقیقات کروائیں گے، میرے پوترے کا اس ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ گاڑی ڈی جی پی کے نام پر رجسٹر ہے جسے وزیر داخلہ کو الاٹ کیا گیا ہے۔