حیدرآباد:تلنگانہ کے وزیر ای دیاکرراو نے کہا ہے کہ ریاست میں موذی مرض کورونا کے معاملات میں اضافہ پر عوام چوکس رہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کورونا کا ٹیکہ لینے والوں سے بھی خواہش کی کہ وہ چوکس رہیں اور احتیاط کریں۔وزیر موصوف نے ماسک کے لازمی استعمال سمیت سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنائیں۔وزیرموصوف نے انتباہ دیا کہ ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔انہوں نے ضلع ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال میں کورونا کا دوسراڈوز لیا۔بعد ازاں انہوں نے اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات،ٹیکوں کے ڈوز،کورونا کے وارڈس میں بستروں کی تعداد اور دیگرسہولیات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اسپتال میں کورونا مریضوں کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ساتھ ہی عوام سے خواہش کی کہ وہ لازمی طورپر کورونا ٹیکے لیں۔